ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن لویر چترال کے نومنتخب کابینہ کی تقریب حلف وفاداری بدھ کے روز منعقد ہوئی جس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لویر چترال تنویر اقبال نے نومنتخب کابینہ سے حلف لیا

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نما یندہ چترال میل) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن لویر چترال کے نومنتخب کابینہ کی تقریب حلف وفاداری بدھ کے روز منعقد ہوئی جس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لویر چترال تنویر اقبال نے نومنتخب کابینہ سے حلف لیا جبکہ ڈپٹی کمشنر لویر چترال محمد علی خان اور ڈی پی او لویر چترال اکرام اللہ خان نے تقریب میں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں ڈپٹی کمشنر نے انصاف کے حصول میں آسانی پیداکرنے اور انصاف کی فراہمی میں بار کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ وہ معاشرے میں انصاف کا ماحول پروان چڑہاسکتے ہیں۔انہوں نے قومی ترقی میں بھی وکلاء برادری کی قربانیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ جب بھی قوم پر کوئی مصیبت آتی ہے تووکلاء پیش پیش رہتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ معاشرے میں وکیل کو عزت واحترام سے دیکھاجاتا ہے۔ ڈی پی او اکرام اللہ خان نے جرائم کی انسداد، مظلوم کی داد رسی، معاشرتی برائیوں کے قلع قمع میں وکلاء کی ذمہ داریوں کو نہایت اہم اورحساس قرار دیتے ہوئے کہاکہ ان کے درست سمت میں قدم اٹھانے سے مظلوم کو انصاف اور ظالم کو اس کے کئے کی سز ا ملتی ہے۔ نومنتخب صدر ساجد اللہ ایڈوکیٹ نے وکلاء برادری کے مسائل بیان کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیاکہ ضلعی انتظامیہ ان کے حل میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرے گی۔