ایسوسی ایشن فار اکیڈیمک کوالٹی (آفاق) کے زیر اہتمام ٹیچر آف دی ائیر ایوارڈ کی تقریب میں اس بات کا اعادہ کیا گیاکہ معاشرے کی بناؤ اور بگاڑ میں اساتذہ کا کردار سب سے اہم اور حساس ہے

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نذیرحسین شاہ)ایسوسی ایشن فار اکیڈیمک کوالٹی (آفاق) کے زیر اہتمام ٹیچر آف دی ائیر ایوارڈ کی تقریب میں اس بات کا اعادہ کیا گیاکہ معاشرے کی بناؤ اور بگاڑ میں اساتذہ کا کردار سب سے اہم اور حساس ہے جوکہ بنیادی طور پر پیغمبرانہ پیشہ ہے اور کسی قوم کی مستقبل ان کے ہاتھوں میں ہوتی ہے۔ تقریب سے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر چترال محمد علی خان، ڈویژنل منیجرملاکنڈڈویژن آفاق صاحبزادہ ماجد علی،معروف عالم دین شاہی خطیب شاہی مسجدچترال مولاناخلق الزمان اور دوسروں نے خطاب کرتے ہوئے استاذ کے مقام پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور کہاکہ کسی ملک کو نقصان معمولی اجرت پر کام کرنے والے مزدور اور عام لوگ نہیں پہنچاسکتے بلکہ تعلیمی اداروں سے بڑی بڑی ڈگری لے کر نکلنے والے ہی یہ کام کرسکتے ہیں اوریہ حقیقت اساتذہ کے کاندھوں پر بھاری ذمہ داری ڈال دیتی ہے کہ وہ بچوں کی ذہن سازی کریں اور اس میں مثبت تبدیلی لائیں اور یہی تعلیم کا اصل مقصد ہے۔ انہوں نے چترال میں بچوں کے اندر عدم برداشت کے عنصر میں کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ خود کشی، منشیات کی لت میں مبتلا ہونااور دوسرے منفی رجحانات سے بچانے میں اساتذہ کرام ہی بنیادی کردار کے حامل ہیں۔ اس موقع پر سو کے لگ بھگ پرائیویٹ سیکٹر کے تعلیمی اداروں اور ان کے اساتذہ کو توصیفی شیلڈ اور سرٹیفیکیٹ بھی دئیے گئے جنہیں ڈپٹی کمشنر کے ہاتھوں تقسیم کئے گئے۔ مقرریں نے کوالٹی ایجوکیشن کے حوالے سے آفاق کی کارکردگی اور پروگرام کو سراہتے ہوئے کہاکہ ٹیچرز کی جدید اور درست خطوط میں تربیت اور نصاب سازی میں اس ادارے کا کام قابل تعریف ہے۔ اس موقع پر آفاق چترال کے ایریا ہیڈ ذوالفقار علی،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر(میل) چترال لویئر شاہد حسین،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر لوئرچترال عدنان حیدرملوکی،سینئرماسٹرٹرینرڈاکٹرظہورحسن، اے ایس ایم فضل رحیم، پرنسپل کامرس کالج صاحب الدین، پرنسپل آغا خان ہائیر سیکنڈر ی سکول طفیل نواز،وجہہ الدین،عبدولحافظ اور دوسروں نے اپنے خیالا ت کا اظہار کرتے ہوئے آفاق کی اس کاوش کوبے حدسراہا۔