پولیس کے افسران اور جوانوں نے قیمتی زندگیاں ملک وملت پر نچھاور کرکے بہادری وشجاعت کی داستان رقم کی۔ڈی پی او چترال لویر سونیہ شمروز خان

Print Friendly, PDF & Email

چترال (فخرعالم) ڈی پی او چترال لویر سونیہ شمروز خان نے کہا ہے کہ پولیس کی تاریخ قربانیوں سے لبریز ہے جس میں پولیس کے افسران اور جوانوں نے قیمتی زندگیاں ملک وملت پر نچھاور کرکے بہادری وشجاعت کی داستان رقم کی جن پر قوم اور پولیس فورس نازاں ہیں۔ پیر کے روز چترال کے پریڈ گراونڈ میں ملک سعد شہید میموریل سپورٹس ٹرسٹ کے زیر اہتمام ‘یوم شہدائے پولیس فٹ بال ٹورنامنٹ ‘کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پولیس فورس اپنے شہداء کو یاد رکھنے اور ان کے فیملی اورلواحقین کی عزت افزائی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے اور ان کے نام پر ٹورنامنٹ کا انعقاد بھی اس کا حصہ ہے جس میں چترال پولیس کے شہداء کے بیٹوں اور قریبی رشتہ داروں کو مختلف میچوں میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ اس طرح کی اسپورٹس ایونٹس منعقد کرنے کرکے ہم یوتھ کو منشیات سے دور رکھ سکتے ہیں اور ایسے صحت مندانہ سرگرمیوں اور مشاعل سے قوم کے نونہالوں کی سیرت سازی بھی ہوتی ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیاکہ منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے میں وہ بھی پولیس کے ساتھ پورا تعاون کریں اور ایسے افراد کے نام پولیس افسران کو مہیاکریں۔ اس موقع پرایس پی انوسٹی گیشن محمد خالد بھی موجود تھے۔ اس سے قبل ملک سعد ٹرسٹ کے کوارڈینیٹر حسین احمد نے چترال میں فٹ بال کے کھیل کی فروع میں چترال پولیس کے کردار کی تعریف کی اور کہاکہ چترال میں فٹ بال بطور کھیل ترقی کے کئی منازل طے کی ہے اور ترقی کا یہ سفر جاری ہے۔ بعدازاں ڈی پی او نے باضابطہ طو ر پر ٹورنامنٹ کا افتتاح کردیا جس میں درجن سے ذیادہ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔