بمبوریت، بریر اور رمبور کی وادیوں میں کالاش اور مسلم کمیون ٹی کے درمیاں اتحاد ویگانگت اور ہم آہنگی کا مثالی ماحول موجود ہے۔ وزیر زادہ

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نما یندہ چترال میل) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی وزیر زادہ نے کہاہے کہ بمبوریت، بریر اور رمبور کی وادیوں میں کالاش اور مسلم کمیون ٹی کے درمیاں اتحاد ویگانگت اور ہم آہنگی کا مثالی ماحول موجود ہے جس کی وجہ سے کالاش اقلیت کو ترقی کرنے اور آگے بڑھنے کے مساوی مواقع حاصل ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آج کالاش کی نوجوان نسل بھی تعلیم سمیت زندگی کے مختلف شعبوں میں بڑی تعداد میں نظر آرہے ہیں۔ بدھ کے روز ٹاؤن ہال چترال میں منعقدہ ‘مذہبی ہم آہنگی ‘کے حوالے سے کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیاکہ کالاش کمیونٹی کی قدیم ترین تہذیب وثقافت کو ان کے مسلمان بھائیوں کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے بلکہ خطرے کے وقت ان کی مدد کے لئے بھی حاضر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت نے اقلیتوں کو ان کا حقوق دلوانے اور ترقی سے ہمکنار کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور ان فلاح وبہبود کے لئے کئی ایک انقلابی اقدامات کئے ہیں جن کے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آئمہ مساجد کے لئے وظائف کا اجراء بھی اسی حکومت کی انقلابی کاموں میں سے ایک ہے جس سے لاکھوں خاندان مستفید ہوں گے جبکہ کالاش کمیونٹی کے مذہبی پیشوا ؤں کو بھی وظائف دئیے جارہے ہیں۔ اس موقع پرانہوں نے کئی آئمہ مساجد اور کالاش قاضیوں کو وظائف کے چیک بھی دے دئیے۔ اسسٹنٹ کمشنر چترال اورمختلف سرکاری محکمہ جات کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔