تحریک حقوق عوام اپر چترال کے وفد کی پشاور میں وزیر اعلیٰ کے مشیر جناب وزیر زادہ صاحب سے اپر چترال کے مسائل کے حوالے سے ملاقات

Print Friendly, PDF & Email

آج مورخہ 12 مارچ کو تحریک حقوق عوام اپر چترال کے ایک وفد نے مشیر وزیر اعلیٰ جناب وزیر زادہ صاحب سے ان کے دفتر میں ایک تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات میں اپر چترال کے تمام مسائل کے حوالے سے وفد نے جناب وزیر زادہ صاحب کو تفصیلی بریفننگ دی۔ سب سے پہلے اپر چترال میں بجلی کی ناروا لوڈ شیڈنگ کے سلسلے میں بحث ہوئی اور مشیر صاحب نے وزیر اعلیٰ اور چیرمین پیسکو سے بات کرکے جلد از جلد عوام کو ریلیف دینے کی یقین دہانی کرائی۔ اس کے بعد اپر چترال کے لیے الگ گرڈ اسٹیشن زیر بحث آیا جس کے بارے میں وزیر زادہ صاحب نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ اپر چترال کے لیے گرڈ اسٹیشن اپرو ہو چکا ہے اور بہت جلد اس پر کام شروع کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ریشن پاور ہاؤس کے بارے میں اپڈیٹ کرتے ہوئے وفد سے وعدہ کیا کہ اس جولائی کے مہینے میں وزیر اعلیٰ صاحب کو ساتھ لے کر ریشن پاور ہاؤس سے بجلی کی سپلائی کا افتتاح کرینگے۔ وفد نے بونی تورکہو روڈ اور بونی مستوج روڈ پر کام کے حوالے سے مطالبہ کیا تو بتایا گیا کہ تورکہو روڈ کیلئے 23 کروڑ روپے ریلیز ہو چکے ہیں اور کام شروع کیا گیا ہے۔ اس پر کام مزید تیز کرنے کیلئے متعلقہ افسران سے بات کی۔ بونی مستوج روڈ کے حوالے سے بتایا کہ یہ سی۔پیک کا حصہ ہے اور اس سلسلے میں 3 دن بعد وزیر مواصلات جناب مراد سعید صاحب سے میٹنگ شیڈول ہے اور انشاللہ بہت جلد کام شروع کیا جائے گا۔ وفد نے اپر چترال میں 3G سروس شروع کرنے کے حوالے سے مطالبہ کیا تو وزیر زادہ صاحب نے متعلقہ حکام کو بلا کر ہدایات جاری کیں اور اپر چترال کو 3G سروس کی لسٹ میں شامل کروادیا۔ مشیر صاحب نے مزید بتایا کہ انہیں اس سال پن بجلی گھروں کے کافی پروجیکٹس مل چکے ہیں۔ اور انفارمیشن سیکرٹری تحریک حقوق عوام جناب پرویز لال کی خصوصی درخواست پر ان میں سے ایک میگا واٹ کا بجلی گھر ہیڈکوارٹر بونی میں رکھیں گے۔ آخر میں تحریک حقوق عوام اپر چترال کے وفد نے مشیر صاحب کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انتہائی دلچسپی سے وفد کے تمام مطالبات کا مثبت جواب دیا۔ وفد میں پرویز لال انفارمیشن سیکرٹری تحریک حقوق عوام، عبد اللہ جان جنرل سیکرٹری تحریک حقوق عوام، بابر علی، محمد ارشاد، اور امتیاز بونی شامل تھے۔