ڈی بی اے چترال کا وفد اکتوبر میں چیئرمین نیب سے ملاقات کرکے میگا کرپشن کے سلسلہ میں تحریری درخواست پیش کریگا۔صدر ڈی بی اے

Print Friendly, PDF & Email

چترال(نمائندہ چترال میل)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے ممبر صوبائی کونسل صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن چترال خورشید حسین مغل ایڈوکیٹ نے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے اپنے دورہ چترال میں سابق ضلع ناظم حاجی مغفرت شاہ کی استدعا پر لوکل گورنمنٹ کیلئے 20کروڑ روپے کا اعلان کیا تھا۔بعد آزان شاہد خاقان عباسی کے دور وزیراعظمی میں وہ رقم ریلز بھی ہوچکے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ سننے میں آرہا ہے کہ وہ خطیر رقم پاکPWDکے ذریعے خرچ بھی ہوچکے ہیں۔مگر ضلع چترال میں اُن پیسوں سے عوام الناس کا یا کسی گاؤں کا کوئی ایک مسئلہ بھی اب تک حل نہیں ہوا۔بلکہ وہ خطیر رقم ایسے غائب ہے جیسے گدھے کے سر پر سینگ۔اُنہوں نے کہا کہ یہ سراسر ناانصافی کی بات ہے کہ ایک طرف کجو،برغوزی،موری پائین اور دنین کے لوگ بوند بوند پانی کو ترس رہے ہیں۔اُن کے فصلات،باغات جل کر خاکستر ہوچکے ہیں اور لوگ مجاز حکام اور نام نہاد منتخب نمائندگان کے پیچھے پھررہے ہیں۔دوسری طرف قومی خزانے کی اتنی بڑی رقم کا ضیاع اور کرپشن کی کئی ایک سوالات کو جنم دے رہا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں سابق ضلع ناظم مغفرت شاہ کی خاموشی بھی معنی خیز ہے اور لوگ آپس میں چہ می گوئیاں کررہے ہیں کہ حاجی مغفرت شاہ کی اس بابت زبان بندی سے ہم یہ نتیجہ اخذ کرنے پر مجبور ہیں کہ کہیں اُس نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ نہ دھویا ہو۔بصورت دیگر مغفرت شاہ آگے آئے اور زمہ داران کو قوم کے سامنے ایکسپوز کرے۔
صدر بار نے کہا کہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن چترال کا ایک نمائندہ وفدماہ اکتوبر میں چیف جسٹس آف پاکستان سے ملاقات کرے گا۔اور چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال سے ملاقات کرکے اس کرپشن کے سلسلہ میں تحریری درخواست پیش کریگا۔یہ ملاقات پہلے سے طے شدہ ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن چترال ایک غیر سیاسی ادارہ ہے۔اسکا مطلب یہ نہیں کہ چترال کے وکلاء اتنے بڑے مقدار میں قومی پیسے کا ضیاع پر کبوتر کی طرح آنکھیں بند کریں۔صدر بار نے کہا کہ تورکہو روڈ میں میگاکرپشن ہونے پر چیف صاحب کو درخواست دینے پر اُنکی بار کی درخواست رٹ پٹیشن میں منتقل کرکے اُس مقدمے کی سماعت پشاور ہائی کورٹ میں ہورہی ہے۔اور موجودہ سٹلمنٹ ریکارڈ میں جو بے ضابطگیاں ہوئی ہے اس بابت بھی بار کی مخلصانہ جدوجہد کے نتیجے میں لوگ بڑی مقدار میں اپنے ریکارڈ کی درستگی کی غرض ایس او کو اپیل کررہے ہیں۔اس لئے بار ایسوسی ایشن چترال کے لئے اس میگاکرپشن کے زمہ داران کو کٹہرے تک لانے کے لئے کسی بھی حد تک جانے سے دریغ نہیں کریگا۔