خیبر پختونخوا میں چترال، ملاکنڈ، ہزارہ اور ڈیر ہ اسماعیل خان سمیت دیگر علاقے سیاحت کے لئے بہتر اضلاع ہیں۔ وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی

Print Friendly, PDF & Email

صوبائی وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی ثقافت تاریخی ثقافت ہے اور یہاں کے سیاحتی مقامات کو خاص اہمیت حاصل ہے، حکومت نے صوبے میں ہر سال چار سیاحتی مقامات آباد کرنے کافیصلہ کیا ہے، پہلے دہشت گردی کے باعث حالات خراب تھے تاہم اب ٹھیک ہیں اور سیاح کثیر تعداد میں یہاں کا رخ کر رہے ہیں۔ خیبر پختونخوا کی تاریخی ثقافت کی نمائش احسن اقدام ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹورازم کارپوریشن خیبر پختونخوا کی جانب سے نمائش میں کے پی پویلین کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پرمنیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان، جنرل منیجر ایڈمن اینڈ پراپرٹیز سجاد حمید، جنرل منیجر ٹورسٹ انفارمیشن سنٹر محمد علی سید، ڈپٹی ڈائریکٹر کلچر اجمل خان سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں چترال، ملاکنڈ، ہزارہ اور ڈیر ہ اسماعیل خان سمیت دیگر علاقے سیاحت کے لئے بہتر اضلاع ہیں اور وزیر اعظم عمران خان بھی ملک میں سیاحت کے فروغ کے خواہاں ہے جبکہ صوبائی حکومت بھی سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ صوبے میں موجود سیاحتی مقامات سمیت نئے مقامات کی آبادکاری کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ہماری ثقافت تاریخی ہے اور اس کی رونمائی بہترین انداز میں کرنے کے لئے اقدامات خوش آئند ہیں۔ منیجنگ ڈائریکٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ ٹورازم کارپوریشن صوبے میں نئے سیاحتی مقامات کی آبادی کاری کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو اس جانب راغب کرنے کے لئے بھی اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ مقامی سیاحوں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سیاح بھی خیبر پختونخوا کا رخ کریں۔ نمائش میں کے پی پولین میں سیاحوں کی کثیر تعداد میں آمد اور صوبائی ثقافت کی رونمائی سے مدد ملے گی۔ ٹورازم کارپوریشن کی جانب سے صوبائی ثقافت پر مبنی اور ہینڈی کرافٹ سمیت نو مختلف سٹالز جن میں ہاتھوں سے بنی سوات شالز، کالاشی سٹال، پشاوری ہینڈی کرافٹس، چارسدہ کھدڑ، ڈیرہ اسماعیل خان کی ثقافتی اشیاء، تانبے کے برتن سمیت قدیم پتھروں کی جیولری اور دیگر سٹالز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سیاحوں اور شہریوں کے لئے ٹورازم انفارمیشن ڈیسک، عوام کو موسیقی سے محظوظ کرنے کلئے رباب منگے اور انٹر ڈانس پر فارمنس بھی نمائش کا حصہ ہے۔ کے پی پویلین میں شہریوں کے لئے قہوہ خانے کا بھی انتظام کیا گیا ہے تاکہ پشاور ی سوغات سے لطف اندوز ہو سکیں۔ وزیر اطلاعات نے خیبر پختونخوا پویلین اور سٹالز کا تفصیلی دورہ بھی کیا۔