سات روزہ مُلکی ٹورنامنٹ کا فائنل پولو میچ بارش سے پولوگراؤنڈ گیلا ہونے کے سبب اتوار کے روز نہیں کھیلا جا سکا۔ تاہم رسہ کشی اور تیر اندازی کے مقابلے اور کلچرل شو کا انعقاد کیا گیا

Print Friendly, PDF & Email

چترال (محکم الدین) سات روزہ مُلکی ٹورنامنٹ کا فائنل پولو میچ بارش سے پولوگراؤنڈ گیلا ہونے کے سبب اتوار کے روز نہیں کھیلا جا سکا۔ تاہم رسہ کشی اور تیر اندازی کے مقابلے اور کلچرل شو کا انعقاد کیا گیا۔ اس سے قبل گورنمنٹ کامرس کالج چترال کے ہال میں محفل مشاعرہ، کلچرل شو ہو ا ، جبکہ یونیورسٹی آف چترال کے طلبہ کی طرف سے لگائے گئے مختلف اسٹالز کی نمائش کی گئی۔ جس میں طالبات کی طرف سے چترال کی دستکاری، گولین کے طلبہ کی طرف سے منرل واٹر کی تیاری، چترالی گیتوں کومقامی سٹوڈیو میں کمپوز کرنے،مناسب ریٹ پر لوکل ٹیکسی سروس کے ائیڈیاز بھی پیش کئے گئے۔ پروگرام میں کتابوں کے اسٹال بھی لگائے گئے تھے۔ مُلکی ٹورنامنٹ میں چترال بھر سے 45 پولو ٹیموں نے حصہ لیا۔ جبکہ فائنل میچ چترال پولیس اور چترال سکاؤٹس کے مابین کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں پولو سمیت تمام روایتی گیم شامل تھے۔ جن سے چترال کے تماشائی بہت محظوظ ہوئے۔ اتوار کے روز رسہ کشی اور تیز اندازی کے مقابلے ہوئے جس میں کمانڈنٹ چترال ٹاسک فورس کرنل معین الدین، ڈپٹی کمشنر چترال ارشاد سدھر نے بھی حصہ لیا۔ بعد آزان مہمان خصوصی کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس نے کامیاب کھلاڑیوں میں ٹرافی تقسیم کئے۔ اس موقع پر تماشائیوں کی ایک جم غفیر موجود تھی۔ جس میں غیر ملکی سیاح بھی شامل تھے۔ تقسیم انعامات کے بعد چترالی ثقافتی شو میں ڈپٹی کمشنر، کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس، کیپٹن (ر) شہزادہ سراج الملک اور غیر ملکی سیاحوں نے ڈانس کرکے جشن سے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ساجد نواز، اسسٹنٹ کمشنر مستوج اون حیدر گندل، سٹلمنٹ آفیسر سید مظہر علی شاہ، ڈی جی ریسکیو 1122ڈاکٹر خطیر، ایمر جنسی آفیسر امجد خان، اے ڈی ای او عبدالرحمت و دیگر موجود تھے۔