گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول دروش کے لیبارٹری سے نا معلوم چور قیمتی لیب ٹاپ لے اڑے

Print Friendly, PDF & Email

دروش(نمائندہ چترال میل) نا معلوم چوروں نے گذشتہ روز گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول دروش کے لیبارٹری کے تالے توڑ کر دو عدد قیمتی لیپ ٹاپ لے اڑے مگر کسی کو کانوں کان خبر نہ ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق چند دن پہلے دروش کے سب سے بڑے تعلیمی ادارے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول دروش کے لیبارٹری کے تالے توڑکر نا معلوم فرد /افراد نے دو عدد قیمتی لیپ ٹاپ چرا لئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ قیمتی لیپ ٹاپ ایس آر ایس پی کی طرف سے سکول ہذا کو عطیہ کئے گئے تھے۔ اس حوالے سے دروش پولیس کے ایس ایچ او بلبل حسن نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے اس سلسلے میں تفتیش شروع کی ہے اور وہ بذات خود اس کیس کی تحقیقات کررہے ہیں اور انشاء اللہ بہت جلد سب کچھ سامنے آئیگا۔ انہوں نے کہا کہ جس نے بھی یہ کام کیا ہو وہ اس حوالے سے مکمل خبر رکھنے والااور ماہر شخص ہے کیونکہ چوری شدہ لیپ ٹاپ ایک خصوصی چپ کیساتھ منسلک تھے اور بغیر ”ان لاک“ کئے انہیں چپ سے الگ نہیں کیا جاسکتا۔ مذکورہ واقعے میں چوروں نے خفیہ کوڈ کا کامیابی سے استعمال کرتے ہوئے لیپ ٹاپ کو چپ سے الگ کر کے اٹھا لئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ واقعہ کم از کم دو ہفتے قبل پیش ہوا مگر اسے میڈیا کی نظروں سے اوجھل کرنے کی کوشش کی گئی۔