دروش سے اے این پی کے رہنما قاری نظام الدین نے گورنمنٹ گرلز کالج دروش کی زیر تعمیر عمارت میں بے قاعدگیوں کی انسداد کے لئے حکومت سے پرزور مطالبہ

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل) دروش سے اے این پی کے رہنما قاری نظام الدین نے گورنمنٹ گرلز کالج دروش کی زیر تعمیر عمارت میں بے قاعدگیوں کی انسداد کے لئے حکومت سے پرزور مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی نوعیت کی اس اہم ترین عمارت میں بدعنوانی کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا جس کے خلاف دروش سڑکوں پر نکل آئیں گے۔ ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ دوسال قبل زلزلے میں زیر تعمیر عمارت کو جو نقصان لاحق ہوا تھا، اس کی مکمل بحالی کے بجائے صرف دیواروں کی پلستر کرکے عوام کو ٹرخانے کی کوشش کی گئی۔ا نہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے بعض لیڈر بشمول ضلعی صدر عبداللطیف ٹھیکہ داروں اور محکمے کی پشت پناہی کررہے ہیں جوکہ افسوسناک بات ہے کیونکہ ایک طرف پی ٹی آئی حکومت کرپشن کی بیخ کنی کا دعویدار ہے تو دوسری طرف ایسے گھناونے کاموں میں ان کے لیڈر ملوث ہیں۔ انہوں نے صوبائی حکومت کے لئے دروش کالج کی عمارت کو ایک ٹیسٹ کیس قرار دیتے ہوئے کہاکہ اگر اس پارٹی کی اعلیٰ قیادت مخلص ہے تو اس بے قاعدگی کی فوری طور پر تحقیقات کرائی جائے۔ قاری نظام الدین نے کہا کہ اس بے قاعدگی کے خلاف تشکیل کردہ ایکشن کمیٹی نے اس سے قبل بھی بار بار حکومت کے نوٹس میں لانے کے باوجود کوئی کاروائی نہیں ہوئی۔ انہوں نے تنبیہ کرتے ہوئے کہاکہ اگر اس پر مزید کاروائی نہیں ہوئی تو ایکشن کمیٹی راست قدم اٹھانے پر مجبور ہوگی۔