مولانا عطاء الرحمن نے ڈیرہ اسماعیل خان ہسپتال میں زخمی قیدیوں کی عیادت کی/ڈی آئی خان میں یکجہتی کانفرنس منعقد

Print Friendly, PDF & Email

ڈی آئی خان (نمائندہ چترال میل) جمعیت علماء اسلام کے صوبائی سنیئر نائب امیر سنیٹر مولانا عطاء الرحمن نے پیر کے روز ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ اسمٰعیل خان میں چترال سے تعلق رکھنے زخمی قیدیوں کی عیادت کی۔ اس موقع پر چترال کے ضلعی نائب ناظم مولانا عبدالشکور، تحصیل ناظم مولانا محمد الیاس اور مولانا محمد عمر چترالی بھی موجود تھے۔ مولانا عطاء الرحمن نے ناموس رسالتؐ کے سلسلے میں زیر حراست قیدیوں کے جذبے اور استقامت کی داد دی اور اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ ناموس رسالتؐ اور عقیدہ ختم نبوت ؐ ہر مسلمان کا جزو ایمان ہے۔ مولانا عطاء الرحمن نے اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہسپتال کے میڈیکل سپرٹنڈنٹ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کی جائیں اور انکے علاج معالجے کے حوالے سے کوئی کوتاہی نہ ہو۔ دراین اثناء عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت ؐ کے زیر اہتمام ڈیرہ اسمٰعیل خان میں تحفظ ناموس رسالت ؐ مدرسہ سراج العلوم میں چترال کے اسیران ناموس رسالتؐ کے ساتھ اظہار ہمدردی اور یکجہتی کے طور پر ایک خصوصی جلسہ منعقد ہوا جس سے عالمی مجلس تحفظ ختم نبوتؐ کے راہنماؤں کے علاوہ ضلع نائب ناظم چترال مولانا عبدالشکور نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے تحفظ ناموس رسالتؐ اور تحفظ ختم نبوتؐ کے سلسلے میں ہر قربانی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا گساخی رسولؐ کسی بھی صورت قبول نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے گستاخ رسولؐ کو فوری طور پر قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔