پرنس کریم آغا خان چترال میں بسنے والے تمام لوگوں کا مشترکہ اور قابل قدر مہمان ہے اور اس سلسلے میں سنی کمیونٹی بھی اپنے اسماعیلی بھائیوں کے شانہ بشانہ کام کرنے کو تیار ہیں۔ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نما یندہ چترال میل) ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ نے ہفتے کے روز گرم چشمہ میں ہزہائی نس پرنس کریم آغا خان کی آمد کے موقع پر ان کی دیدار کے لئے نوتعمیر کردہ دیدار گاہ کا دورہ کیا جسے اسماعیلی کمیونٹی نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران مکمل کیا ہے۔ انہو ں نے کام کی معیار پر اطمینان کا اظہار کیااور مختلف ضروریات کو پورا کرنے کے لئے پانچ لاکھ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا اور موقع پر موجود ریجنل کونسل کے صدر فضل حمید اور کمیونٹی کے رہنماؤں کو ضلعی حکومت کی طرف سے ہرممکن امدادوتعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ ہزہائی نس پرنس کریم آغا خان چترال میں بسنے والے تمام لوگوں کا مشترکہ اور قابل قدر مہمان ہے اور اس سلسلے میں سنی کمیونٹی بھی اپنے اسماعیلی بھائیوں کے شانہ بشانہ کام کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بونی میں دیدار گاہ کو مستقل بنیادوں پر قائم رکھنے کا فیصلہ کیا جاچکا ہے جسے علاقے کے عوام مختلف مقاصد کے لئے استعمال کرتے رہیں گے جوکہ اپنی وسعت کے لحاظ سے ضلع بھر میں مشہور ہوگا اور اسی طرح گرم چشمہ میں بھی عوام کو مستقبل بنیادوں پر گراونڈ کی فراہمی پر ضلعی حکومت غور کرے گی تاکہ یہ دیدار گاہ کے علاوہ دیدار مقاصد کے لئے استعمال ہوسکے۔ اس موقع پرلوٹ کوہ سے ضلع کونسل کے ممبر محمد حسین بھی موجود تھے۔ اس سے قبل ضلع ناظم چترال مغفرت شاہ نے جمعہ کے دن بونی کا دورہ کیا اور دسمبر کی 9تاریخ کو ہزہائی نس پرنس کریم آغا خان کی آمد کے سلسلے میں بونی شوتار میں اسماعیلی کمیونٹی کے تعمیر کردہ دیدار گاہ کا دورہ کیا اور کام پر اپنی اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر آغا خان فاونڈیشن پاکستان کے چیرمین اور ہزہائی نس اور فیملی کی آمد کے موقع پر دربار کے کنوینر اقبال والجی اور ریجنل کونسل کے ضلعی صدر عبدالغفاراور اسماعیلی کمیونٹی کے دوسرے ذمہ داروں امیر افضل خان، امتیاز عالم اور دوسروں نے ان کا استقبال کیا۔ ضلع ناظم نے اس موقع پر کہاکہ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ہزہائی نس کے دورے کے موقع پر دیدار کے لئے آنے والے زائرین کو ذیادہ سے ذیادہ سہولیات بہم پہنچانے اور دیدار گاہ کی تعمیر میں ہرممکن تعاون کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ضلعی حکومت کے پاس دستیاب تمام وسائل کو بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے بونی اور گرم چشمہ میں دیدار گاہوں کے لئے پانچ پانچ لاکھ روپے کے گرانٹ کا بھی اعلان کیا اور کمیونٹی کی درخواست پر بونی دیدار گاہ کو ایک فائر بریگیڈ گاڑی کی فراہمی کی بھی منظوری دے دی۔ اقبال والجی نے ضلع ناظم مغفرت شاہ نے ہزہائی نس کے دورے کے انتظامات میں ضلع ناظم کی طرف سے کئے جانے والے پرخلوص کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ بعدازاں ضلع ناظم نے جامع مسجد بونی میں نمازجمعہ کے بعد خطاب کیا۔ ضلع ناظم ہفتے کے روز گرم چشمہ میں دیدار گاہ کا دورہ کریں گے۔