چترال پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف کاروائی، مجموعی طورپر چھ ہزار گرام چرس اور 30لٹر دیسی شراب برآمد،، ملزما ن گرفتار

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نمائندہ چترال میل) چترال پولیس نے منشیات فروشوں کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے چترال تھانہ کے حدود میں بروز کے علاقے میں کاروائی کے دوران دو بدنام زمانہ منشیات فروشوں سے مجموعی طور پر چھ ہزار گرام چرس اور 30لٹر دیسی شراب برآمد کرکے ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتارکرلی۔ چترال پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او منیر الملک نے مقامی میڈیا کو بتایاکہ انہوں نے بروز کے بدنام زمانہ منشیات فروش محمد الیاس ولد عبدالجبار ساکن گولدہ کی کڑی نگرانی جاری رکھتے ہوئے ان پر چھاپہ مارا اور ان سے 5ہزار گرام چرس اور 30لٹر شراب برامد کرکے ان کے خلاف نارکاٹکس کنٹرول ایکٹ کے دفعہ 9اور 3 /4حدود آرڈیننس کے تحت مقدمہ دائر کرکے مقامی عدالت سے ان کا ریمانڈ حاصل کرلیا ہے۔ انہوں نے بتایاہے کہ اسی منشیات فروش کے کارندے سمیع اللہ ولد امیر حمزہ ساکن دومون کو بھی موقع پر ایک ہزار گرام چرس کے ساتھ دھرلیا گیا۔ انہوں نے منشیات فروشو ں کے خلاف کاروائی میں اے ایس آئی جنگ باز خان، اے ایس آئی عبدالامان اور اے ایس آئی معراج الدین کی کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر ایس ڈی پی او فاروق جان بھی موجود تھے جس نے منشیات فروشوں کو معاشرے کا سب سے بڑا دشمن قرار دیتے ہوئے کہاکہ ان کے خلاف کاروائی میں کوئی کسر نہیں اٹھائی جائے گی تاکہ جدید نسل کو ان کی تباہ کاریوں سے محفوظ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ چترال تحصیل کے اندر ہم نے منشیات فروشوں کا قلع قمع کرنے کے قریب ہیں جس میں ہمیں عوام کی مکمل تعاون درکار ہے جوکہ اپنے اپنے قرب وجوار میں منشیات فروشوں کی مشکوک سرگرمیوں کے بارے میں تھانے کے ایس ایچ او منیر الملک کو فون نمبر 03459390500پر اطلاع دے کر اپنے فرض نبھاسکتے ہیں جس میں اطلاع دہندہ کا نام مکمل طور پرصیغہ راز میں رکھا جائے گا۔