حالیہ دورہ چترال سے علاقے کی تعمیر و ترقی کی راہ ہموار ہوئی ہے اورتوانائی کے مختلف منصوبوں کا افتتاح ضلع چترال سمیت پورے ملاکنڈ ڈویژن کی خوشحالی کیلئے سنگِ میل ثابت ہوگا۔ وزیر کھیل،ثقافت محمود خان

Print Friendly, PDF & Email

؎
رپورٹ (چترال میل)خیبر پختونخوا کے وزیرِ کھیل، ثقافت، میوزیم، امورِ نوجوانان اور پاکستان تحریکِ انصاف ملاکنڈریجن کے صدر محمود خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئر مین عمران خان اور وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کا حالیہ دورہ چترال سے علاقے کی تعمیر و ترقی کی راہ ہموار ہوئی ہے اورتوانائی کے مختلف منصوبوں کا افتتاح ضلع چترال سمیت پورے ملاکنڈ ڈویژن کی خوشحالی کیلئے سنگِ میل ثابت ہوگا۔ یہاں سے جاری ہونے والے ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہا کہ مذکورہ توانائی منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف مقامی لوگوں کو روزگارکے بہتر مواقع فراہم ہونگے بلکہ یہ صوبے میں توانائی بحران پر قابو پانے میں بھی مددگار ثابت ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کسی بھی ملک کی ترقی میں ریڑھ کی حیثیت رکھتی ہے اس لئے صوبائی حکومت نے بجٹ میں دیگر شعبوں کی طرح توانائی منصوبوں کیلئے بھی کثیر رقم مختص کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ملاکنڈ ڈویژن سمیت پورے صوبے میں موزوں مقامات پر 1000مائیکرو ہائیڈ پاور پراجیکٹ کے منصوبے شروع کئے ہیں جن میں تقریبا 350منصوبے پا یہ تکمیل تک پہنچ چکے ہیں اور باقی منصوبے بھی جلد مکمل کئے جائینگے جس سے صوبے میں لوڈ شیڈنگ، کم وولٹیج اور اوور لوڈنگ کے مسائل مستقل بنیادوں پرحل ہونگے۔محمود خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے صوبے کے دور دراز پسماندہ اور ماضی میں نظر انداز کئے گئے علاقوں کو تر جیحی بنیادوں پر ترقی دی ہے تاکہ ان علاقوں کے احساسِ محرومی کوختم کر کے ان کو بنیادی ضروریات مہیا کی جا سکیں اور پی ٹی آئی کے قائد عمران خان اور وزیرِ اعلیٰ پرویز خٹک کا حالیہ دورہ چترال اس بات کابین ثبوت ہے۔