سابق تحصیل ناظم چترال مولانا محمد الیاس نے چترال میں گھمبیر صورت اختیار کرنے والے عوامی مسائل کو حل کرانے کے لئے ایک غیر سیاسی نوعیت کی تنظیم ‘کاروان راہ حق”کے نام سے قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔

Print Friendly, PDF & Email

چترال (نما یندہ چترال میل) سابق تحصیل ناظم چترال مولانا محمد الیاس نے چترال میں گھمبیر صورت اختیار کرنے والے عوامی مسائل کو حل کرانے کے لئے ایک غیر سیاسی نوعیت کی تنظیم ‘کاروان راہ حق”کے نام سے قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ علاقے کے بعض مسائل ایسے ہیں جن پر سیاست چمکانے کی بجائے سیاسی وابستگیوں کو پس پشت ڈال کر ایک مشترکہ پلیٹ فارم سے جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے اور یہ ہی اس تنظیم کا واحد مقصد ہے جس پر تمام سیاسی جماعتوں کے اکابریں اور کارکنان اصولی طور پر اتفاق کرچکے ہیں۔ تنظیم کے دیگر رہنماؤں حافظ سراج احمد، امیر الدین، عزیز الرحمن، مولانا عبدالصادق، فیض الرحمن، مفتی ذاکرالدین، سید رحمت اسماعیل شاہ اور دیگر کے ہمراہ چترال پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں سیلاب اور بارش کے متاثریں کی بحالی اور آبادکاری، محکمہ جنگلات کی غلط پالیسی کی وجہ سے اربوں روپے کی عمارتی لکڑی کا حالیہ سیلاب میں ضیاع ہونا اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام اور نشہ کی لعنت کا موثر روک تھام ایسے ایسے چیدہ چیدہ مسائل ہیں جن پر سب کو متحدو متفق ہوکر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ چترال ایک جنگلاتی علاقہ ہے لیکن یہاں پر عوام کو اس سے خاطر خواہ فائدہ نہیں پہنچ رہا ہے اور حکومت کی ناقص پالیسی کی وجہ سے ہر سال اربوں روپے کی عمارتی اور غیر عمارتی لکڑی یا تو سیلاب میں بہہ جاتا ہے اور یا آگ پکڑ کر راکھ کا ڈھیر بن جاتا ہے اور ہم اس پلیٹ فارم سے ایسے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ مولانا محمد الیاس نے چترال میں بجلی کی عدم دستیابی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ چترال میں وافر مقدار میں بجلی پیدا ہونے کے باوجود یہاں پر صارفین کو بجلی دستیاب نہیں ہے جوکہ ہمارے صفوں میں اتحادواتفاق کی فقدان کی وجہ سے ہورہا ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ وہ بہت جلد ہی رابطہ عوام مہم شروع کرکے سب کو اس پلیٹ فارم پر دعوت دیں گے۔